آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کھلاڑیوں کو پانی پلانے میدان میں آگئے

   

اوول۔25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی وزیراعظم اسکاٹ موریسن اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پانی پلانے کے لیے میدان میں پہنچ گئے۔آسٹریلیا کے اوول کرکٹ گراونڈ میں سری لنکا اور پرائم منسٹر الیون کے درمیان کھیلے جارہے وارم اپ میچ میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب پانی کے وقفے میں آسٹریلیائی وزیراعظم خود میدان میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پانی پلانے کے لیے آگئے۔ اس موقع پر ٹیم کے کھلاڑیوں اور میدان میں موجود شائقین کرکٹ نے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کے اس اقدام کو خوب سراہا ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی آسٹریلیائی وزیر اعظم کی جانب سے کھلاڑیوں کو خود جاکر پانی پلانے کے اقدام کی جم کر تعریف کی جارہی ہے۔ میچ میں تو پرائم منسٹر الیون کو سری لنکا نے شکست سے دوچار کیا لیکن آسٹریلیائی وزیر اعظم کا عمل تاریخ رقم کر گیا۔