ملبورن ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے بولروں نے میزبان بیٹسمین اسٹیواسمتھ کو سنچری بنانے سے باز تو رکھا لیکن ٹم ہیڈ کی سنچری اور کپتان ٹم پین کی ٹسٹ کرکٹ میں شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے نہ صرف پہلی اننگز میں 467 رنز کا اسکور بنایا بلکہ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ کو صرف 44 رنز پر دو نقصانات سے دو چار بھی کیا۔ آسٹریلیا نے اپنے کل کے اسکور 257/4 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور امید کی جارہی تھی کہ ایشیس سیریز میں رنز کے انبار لگانے والے اسٹیواسمتھ باکسنگ ڈے ٹسٹ میں سنچری اسکور کریں گے لیکن وہ اپنے کل کے اسکور 77 میں صرف 8 رنز کا اضافہ کرپائے اور نیل ویگنر کے گیند پر نکولاس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اسمتھ کو سنچری بنانے سے روکنے میں نیوزی لینڈ کے بولرس کامیاب ہوئے لیکن ہیڈ نے 234 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے 114 رنز اسکور کئے جبکہ کپتان پین نے اپنے کریئر کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 138 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 79 رنز اسکور کئے لیکن ان دو کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے کے بعد مہمان بولروں نے لوور آرڈر کو جلد نمٹاتے ہوئے آسٹریلیائی پہلی اننگز کا خاتمہ کردیا کیونکہ جس وقت پین آوٹ ہوئے اس وقت ٹیم کا اسکور 6 وکٹوں پر 434 تھا۔ نیوزی لینڈ کیلئے ویگنر کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 83 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ دیگر بولروں میں ٹم ساوتھی 103 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز بھی بہتر نہ رہا کیونکہ اسے 23 کے مجموعی اسکور پر پہلی اور 39 رنز پر دوسری وکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ بلنڈل 15 اور کپتان ولیمسن 9 رنز بناکر آوٹ ہوئے ۔ دن کے اختتام پر راس ٹیلر دو اور اوپنر لیتھم 57 گیندوں میں صرف 9 رنز اسکور کئے ہیں۔ آسٹریلیا کیلئے کمنس اور پیٹنسن نے فی کس ایک وکٹ لی۔