آسٹریلیا ۔پاکستان آج ڈے نائیٹ ٹسٹ کا آغاز

   

ایڈیلیڈ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈیلیڈ میں کل شروع ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کے لیے میزبان ٹیم میں تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آسٹریلیائی کپتان ٹم پین نے کہا ہے کہ برسبین ٹسٹ کھیلنے والی ٹیم کو دوسرے ٹسٹ میں بھی برقرار رکھا جائے گا اور ٹیم میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کیمرون بینکرافٹ اور جیمز پیٹنسن کو شیفیلڈ شیلڈ ٹورنمنٹ کھیلنے کے لیے ٹیم سے رخصت دی ہے۔ واضح رہے کہ ایڈیلیڈ میں پاکستان اور آسٹریلیا کا دوسرا ٹسٹ میچ کل شروع ہوگا۔ آسٹریلیا کو 2 ٹسٹ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔دریں اثناء پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے پاس اعتماد بحال کرنے کا موقع ہے۔ ایڈیلیڈ میں پاک آسٹریلیا سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ کے آغاز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ بیٹسمین سیٹ ہو جائیں تو نئی گیند کا بھی مسئلہ نہیں ہے۔ اظہر علی نے مزید کہا ہیکہ برسبین ٹسٹ کی دوسری اننگز میں ہم نے جیسی بیٹنگ کی ہے اس سے ہمارا اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈے نائیٹ ٹسٹ میں رات میں بیٹنگ مسئلہ نہیں، پہلے بھی کھیل چکے ہیں، اچھا اسکور اور اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ محمد عباس اچھی ردہم میں ہیںاور وہ کل ایکشن میں نظر آئیں گے۔ واضح رہے کہ ایڈیلیڈ ٹسٹ ڈے اینڈ نائٹ میچ ہونے کے سبب گلابی گیند سے کھیلا جائے گا۔علاوہ ازیں اوپنر امام الحق نے کہا ہے کہ اگر موقع ملا تو اچھے رنز کی کوشش کروں گا۔ ایڈیلیڈ کی وکٹ آسان ہے اور گیند سست آتی ہے، اس وکٹ پر یاسر شاہ پاکستان کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ایک انٹرویو میں امام الحق نے کہا ہے کہ ایڈیلیڈ میں امکانات ہیں کہ پاکستان ٹیم اچھا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن دو دن فیلڈنگ کے باوجود فاسٹ بولروں کے مظاہرے حوصلہ افزاء رہے۔
میسی کے کلب فٹبال میں 700 مقابلے
بیونس آئرس۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بارسلونا کے لیونل میسی کلب فٹ بال میں 700 مقابلے کھیلنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے یہ اعزاز چمپئنز لیگ میں بوروشیا ڈورٹمنڈ کیخلاف میچ میں حاصل کیا۔