آسٹریلیا ۔پاکستان مقابلہ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

   

Ferty9 Clinic

ٹائونٹن ۔10 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ میں دفاعی چمپئن آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل سمرسیٹ کائونٹی کے شہر ٹائونٹن میں بارش کا سلسلہ جاری ہے پاکستانی ٹیم کا چوتھا میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دوپہر اچانک شروع ہونے والی بارش کے باعث پاکستانی ٹیم کا پریکٹس سیشن انڈور نیٹس میں ہوا تاہم پاکستانی ٹیم کے لئے سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ چہارشنبہ کو میچ والے دن بھی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ میچ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دو دن سے سورج کم نکلا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی دو بڑی ٹیموں کے اہم ترین میچ کے لئے چھوٹے میدان کا انتخاب بھی حیران کن ہے۔ گرائونڈ میں میڈیا کے لئے سہولتیں ناکافی ہیں۔ توقع ہے کہ اگر پورا میچ ہوا تو پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ تاہم اگر اوورز کم ہوئے تو ٹیم انتظامیہ کا پلان بی تیار ہے۔ پاکستانی ٹیم حریف کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ موسم پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستانی کھلاڑی پرعزم ہیں کہ وہ آسٹریلیا کے میچ میں جیت کا تسلسل قائم رکھیں گے۔ ہوم گرائونڈ پر سیریز 5-0 سے ہارنے کے باوجود پاکستانی ٹیم اس مرتبہ بازی پلٹنے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگائے گی۔ پاکستانی ٹیم کا برسٹل میں سری لنکا کے خلاف میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا تھا۔ پاکستانی ٹیم کی تیاریوں پر نظر رکھے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ٹائونٹن پہنچ گئے ہیں۔ انضمام الحق نے کھلاڑیوں کی پریکٹس دیکھی اور ٹیم انتظامیہ سے مشورے کئے۔ ذرائع کے بموجب اگر بارش سے میچ کے اوورز کم ہوتے ہیں تو امکان ہے کہ فخر کے ساتھ بابر اعظم اننگزکا آغاز کریں گے جبکہ ایک اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو کھلایا جاسکتا ہے۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم پیر کو لندن سے ٹائونٹن پہنچی اور منگل کو پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ کاونٹی گراونڈ 1882میں بنا،137 سال قدیم میدان پر 12.5 ہزارشائقین کی گنجائش ہے، ورلڈکپ 2019 کے یہاں 3 میچز مقرر ہیں، اب تک یہاں 3 ونڈے ہو چکے ہیں۔ پہلا میچ ورلڈکپ 1983 میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا۔ 1999 کے میگا ایونٹ میں بھی اس میدان پر 2 مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ یہاں ڈیوڈ گاور، سورو گنگولی اور راہول ڈراوڈ سنچریاں بنا چکے ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ٹاونٹن میں پہلی مرتبہ ونڈے میچز کھیلیں گی اور دونوں کے مابین مجموعی طور پر ابھی تک 103ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں، ان میں سے پاکستان صرف 32 میں کامیابی حاصل کی 67 میں مات کھائی، ایک مقابلہ ٹائی ہوا ہے۔