ملبورن ۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے باعث آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ونڈے سیریز ختم کر دی گئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ گزشتہ روز کھیلا گیا جبکہ سیریز کا دوسرا ون ڈے کل سڈنی اور تیسرا ون ڈے جمعہ کو ہوبارٹ میں کھیلا جانا تھا جو کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔ کوروناوائرس کے باعث نیوزی لینڈ کی حکومت نے سرحد پر پابندیاں عائد کردی ہیں جبکہ مشکلات سے بچنے لئے نیوزی لینڈ کے کرکٹرز فوری وطن روانہ ہوں گے۔علاوہ ازیں آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ یادرہیکہ گزشتہ روزآسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا مقابلہ خالی میدان میں منعقد ہوا تھا جس میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔