کراچی ۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کی تیز اور باونسی پچوں پر پریکٹس دینے کے لئے پاکستانی ٹسٹ ٹیم کو ٹی 20 ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہاںکی پچوں پر بیٹسمین خود کو ہم آہنگ کرسکے کیونکہ دنیا کے زیادہ تر بیٹسمین آسٹریلیا میں مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں اور اسی لئے پاکستانی ٹسٹ ٹیم 3ہفتے پہلے آسٹریلیا پہنچے گی۔ پاکستان ٹسٹ ٹیم ٹی 20 اور پاکستان اے ٹیم کے ساتھ پرتھ جائے گی ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ آسٹریلیا میں کیمپ لگا کر ٹسٹ ٹیم کو پریکٹس کروائی جائے گی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سال نومبر میں 3 ٹی 20 میچ ہوں گے جو کہ سڈنی، کینبرا اور پرتھ میں ہوں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹسٹ وولن گابا برسبین میں 29 نومبر کو ہوگا جبکہ دوسرا ٹسٹ ایڈیلیڈ اوول میں ہوگا ،یہ ٹسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اس سال ستمبر اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف ہوم گراونڈ پر 2 ٹسٹ میچ کھیلے گی۔آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹسٹ میچوں کے بعد اگلے سال پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بھی 2 ٹسٹ ہوں گے۔ آئندہ سال جولائی میں پاکستانی ٹیم انگلینڈ میں 3 ٹسٹ کھیلنا چاہتی ہے چونکہ اگلے سال آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈ کپ ہونا ہے اس لئے پاکستانی ٹیم کو 15 ماہ میں 25 سے زائد میچ کھیلنا ہیں جس میں ٹی 20 ایشیا کپ بھی شامل ہے۔