آسٹریلیا ۔ پاک آج تیسرا ٹی 20 ، پاکستان کو کرویامروصورتحال

   

پرتھ۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان رواں سیریز کا تیسرا اورآخری ٹی 20 کل یہاں کھیلا جائے گا جہاں پاکستان کو سیریز میں ناکامی سے بچنے کیلئے کرو یا مرو صورتحال کا سامنا ہے کیونکہ دوسرے مقابلے میں کامیابی کے ساتھ آسٹریلیائی ٹیم نے سیریز میں سبقت بنالی ہے۔میزبان ٹیم ک کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کینبرا سے پرتھ پہنچ گئی۔ پاکستان ٹیم نئے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کی نگرانی میں درست کمبی نیشن تشکیل دینے کیلئے کوشاں ہے۔ اوپنرفخر زمان، حارث سہیل اورآصف علی بری طرح ناکام ہیں۔ جبکہ بولرز بھی آسٹریلیا کو قابو نہیں کرپارہے ہیں۔ پاکستان کیلئے سیریز برابر کرنا چیلنج ہے۔ اس میچ کیلئے پاکستانی ٹیم میں کم از کم تین تبدیلیاں متوقع ہے، ناکام اوپنر فخر زمان اور مڈل آرڈر آصف علی کی جگہ امام الحق اورخوش دل خان کوموقع ملنے کا امکان ہے جبکہ بولنگ میں محمد عرفان اور وہاب ریاض میں سے ایک کو ٹیم سے باہرکیا جائے گا۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آصف علی نے جس طرح اپنی وکٹ گنوائی اس پر کپتان بابر اعظم سخت ناراض ہوئے تھے، انہوں نے میدان میں ہی اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ تاہم انہوں نے عمدہ بیٹنگ سے خودکو قیادت کے منصب کا اہل ثابت کیا ہے۔ انہیں کھیلتا دیکھ کر مبصرین نے کہا ہے کہ ذمہ داری ان پر بوجھ نہیں لگتی۔عالمی نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شکست کا خدشہ ہے۔ پاکستان نے مختصر ترین فارمیٹ میں مسلسل 11سیریز جیتنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے لیکن اس کے بعد ٹیم کی کارکررگی میں تسلسل قائم نہیں رہا۔ پاکستان نے اپنی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز گذشتہ برس اکتوبر نومبر میں عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف قبل جیتی تھی۔ اسے رواں برس فروری میں جنوبی افریقہ نے اپنے ہوم گرائونڈز میں 2-1سے شکست دی۔ جبکہ مئی میں انگلینڈ نے کارڈف میں میں واحد ٹی ٹوئنٹی میں سات وکٹ سے کامیابی سمیٹی تھی۔ سری لنکا کے خلاف سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ ہوا جبکہ آسٹریلیا سے پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد دوسرے میچ میں سات وکٹ سے ناکامی اٹھانا پڑی ہے۔ زبردست کارکردگی اور ہوم گرائونڈپر کھیلنے کا فائدہ اٹھانے والی آسٹریلیائی ٹیم نے فاسٹ بولر پیٹ کمنزکو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ کینبرا سے ٹیم کے ہمراہ پرتھ جانے کی بجائے سڈنی روانہ ہوگئے ہیں- 21 نومبر سے پاکستان کے خلاف شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز میں ایکشن میں ہونگے۔ جمعہ کی شام پرتھ میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیائی ٹیم میں 5 سال سے انٹرنیشنل میچ کی نمائندگی کے منتظر سین ایبٹ کو موقع ملنے کا امکان ہے۔