دبئی: آسٹریلیا اگلے سال آئی سی سی مینس T20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس کی تصدیق کردی ہے۔ ٹورنمنٹ میں 16ٹیموں کے مابین 45میچز کھیلے جائیں گے۔ عالمی کپ کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی کے سی ای او میشل انرائٹ نے آج ایک بیان میں کہاکہ اگلے سال آسٹریلیا میں میگا ٹورنمنٹ کی میزبانی سے ملک کے جوش وخروش میں اضافہ ہوگا۔ ہم اب سے ٹھیک ایک سال بعد کرکٹ اور کلچر کے فیسٹول کیلئے تمام عمر اور پس منظر کے لوگوں کو ایک ساتھ لانے کے بے چینی سے منتظر ہیں۔ آسٹریلیا کرکٹ کی لمبی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوگا جب آسٹریلیا آئی سی سی مینس ٹی 20 عالمی کپ کی میزبانی کرے گا۔ اس سے پہلے اس نے 2020 میں ویمنس ٹی20 عالمی کپ کی میزبانی کی تھی جس کا فائنل انٹرنیشنل ویمنس ڈے پر ملبورن کرکٹ گراونڈ میں کھیلا گیا تھا جسے ریکارڈ 86,174 شائقین نے دیکھا ۔ عمان اور یو اے ای میں اسی ماہ سے منعقد شدنی T20 ورلڈ کپ کے سوپر 12مرحلہ میں پہنچنے والی ٹیمیں آئندہ سال عالمی کپ کیلئے راست اہلیت حاصل کریں گی۔