میلبورن۔ اپنے آخری گرانڈ سلام ٹورنمنٹ میں کھیلتے ہوئے، ہندوستان کی مشہور ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے جمعرات کو یہاں قازقستان کی اینا ڈینیلینا کے ساتھ جوڑی بناتے ہوئے خواتین کے ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں جیت کے ساتھ آسٹریلین اوپن مہم کا آغاز کیا۔ ہند ۔ قازق جوڑی نے حریف جوڑی انہیلینا کالینینا اور ایلیسن وان یوٹوانک کو 6-2، 7-5 سے شکست دی۔ ثانیہ اور انا کا مقابلہ جمعہ کو دوسرے راؤنڈ میں اگلی حریف جوڑی سے ہوگا۔ سابق عالمی نمبر ایک خواتین کے ڈبلز کھلاڑی نے اس ماہ کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ وہ دبئی ٹینس چمپئن شپ میں پیشہ ورانہ ٹینس سے سبکدوش ہو جائیں گی، اور یہ ڈبلو ٹی اے 1000 ایونٹ 19 فروری کو شروع ہو رہاہے۔ ثانیہ کے پاس چھ بڑے خطابات ہیں ، تین ڈبلز میں اور تین مکسڈ ڈبلز میں ، ان کی پہلی فتح 2009 میں آئی تھی جب انہوں نے مہیش بھوپتی کے ساتھ مل کر آسٹریلین اوپن مکسڈ ڈبلز خطاب جیتا تھا۔ 2015 میں ثانیہ نے سوئس لیجنڈ مارٹینا ہنگس کے ساتھ جوڑی بنائی، جس کے ساتھ انہوں نے تین بار یکے بعد دیگرے گرانڈ سلام ڈبلز خطابات جیتے اور دونوں کی پہلی گرانڈ سلام کامیابی اسی سال ومبلڈن میں آئی تھی ۔
دریں اثنا، ایک جوڑی کے طور پر اپنے پہلے گرانڈ سلیم میں ایک ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے، ہندوستانی مردوں کے ڈبلز وائلڈ کارڈز یوکی بھمبری اور ساکیتھ مائنینی کو آسٹریلیا کے 14 ویں سیڈ جان پیئرز اور جرمنی کے اینڈریا میس سے 6-7(5)، 7-6(4) 3-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک اور مردوں کی جوڑی رام کمار رامناتھن اور ان کے میکسیکن پارٹنر میگوئل اینجل ریئس وریلاکو یونانی جوڑی اسٹیفانوس اسیٹسیپاس اور ان کے بھائی پیٹروس کے خلاف 6-3، 5-7، 3-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔