لندن۔ 29 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے نمبر ایک کھلاڑی اینڈی مرے سال 2020کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں چوٹ کی وجہ سے نہیں کھیل پائیں گے ۔32 سالہ مرے کو گزشتہ ماہ ڈیوس کپ کے دوران برطانیہ کی جانب سے کھیلتے ہوئے چوٹ لگ گئی تھی۔ وہ آسٹریلین اوپن کے علاوہ جنوری میں ہونے والے اے ٹی پی ٹیم کپ میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے جسے آسٹریلیا کے تین مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا۔مرے نے کہاکہ میں نے خود کو ٹاپ سطح پر لا کر کھیلنے کے لیے کافی محنت کی ہے ۔ لیکن مجھے اس بات کا گہرا دکھ ہے کہ میں جنوری میں ہونے والے آسٹریلین اوپن میں نہیں کھیل سکوں گا۔ مجھے اس سال کے آسٹریلین اوپن کے بعد اس بات کا یقین نہیں تھا کہ میں واپس آسٹریلین اوپن میں کھیلوں گا۔ لیکن میں یہاں نہیں کھیل پانے سے کافی دکھی ہوں۔ برطانوی کھلاڑی نے کہاکہ بدقسمتی کی بات ہے کہ مجھے حال ہی میں چوٹ لگی ہے اور احتیاطا مجھے کورٹ پر واپسی کرنے سے پہلے اسے پوری طرح ٹھیک کرنا ہوگا۔