آسٹن کا غزہ میں شہریوں کی ہلاکتیں روکنے پر زور

   

واشنگٹن : امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیل پر گنجان آباد غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کو روکنے کی اہمیت پر زور دیا ہے اور حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی حمایت کے امریکی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اسرائیل میں اپنے ہم منصب یوآو گیلانٹ کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں آسٹن نے غزہ میں حماس کے زیر حراست باقی ماندہ یرغمالوں کی واپسی کا مطالبہ کیا اور اپنے دفاع کے اسرائیل کے حق کی توثیق کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ تنازعہ کے دوران شہریوں کے تحفظ اور غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل میں اضافے پر زور دیتا رہے۔ آسٹن نے کہا کہ ہم نے تمام امور پر عمدہ تبادلہ خیال کیا۔ امریکی وزیر دفاع نے جنگ کے بعد اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کسی دو ریاستی حل پر بھی زور دیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع گیلانٹ نے کہا کہ اسرائیل بتدریج غزہ میں اپنی کارروائیوں کے اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گا جس سے مقامی آبادی پہلے ساحلی پٹی کے شمال میں واپس جا سکے گی۔ گیلانٹ نے کہا کہ ہر علاقہ میں جہاں ہم اپنا مشن مکمل کر لیں گے، ہم آہستہ آہستہ اگلے مرحلے میں منتقل ہو جائیں گے۔ اور مقامی آبادی کو واپس لانے کے لئے کام شروع کر دیں گے۔