ریاض : سعودی اداکارہ سمر ششہ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں فلمی صنعت کا عروج چاہتے ہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ سینیما گھروں میں جا کر سعودی فلمیں دیکھیں اور عملی طور پر سعودی فلمی صنعت کی حوصلہ افزائی کریں۔‘ سعودی اداکارہ نے عالمی سطح کی اداکارہ بننے اور کسی بین الاقوامی فلم یا سیریل میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسکر ایوارڈ حاصل کرنا میرا ایک خواب ہے۔‘ العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی فنکارہ سمر ششہ اداکاری، ہدایتکاری اور مکالمہ نگاری سے لے کر موسیقی تک آرٹ کی ہر صنف کو شروع سے پسند کرتی رہی ہیں۔ سمر ششہ کا ماننا ہے کہ اداکار یا اداکارہ کو ہر طرح کے آرٹ کے بارے میں جاننا چاہیے۔ قوت ارادی سے کام لینا چاہیے جو کام بھی کیا جائے اس کی اہمیت کو دل و دماغ سے مان کر کیا جائے۔