تجارت، خدمات اور سرمایہ کاری سے متعلق ہندوستان کے امور کو شامل کرنے پر توجہ
نئی دہلی ۔ 2 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی 16 ویں آسیان انڈیا اجلاس میں شرکت کیلئے ہفتہ کو بنکاک کیلئے روانہ ہوگئے ۔ روانگی سے قبل انہوں نے کہا کہ علاقائی جامع معاش شرکت داری اجلاس میں شرکت کے موقع پر ہندوستان کی تجارت ، اشیاء اور خدمات سے متعلق تشویش اور مفادات کے علاوہ مکمل سرمایہ کاری کے تمام امور کو اجلاس میں شامل کرنے پر غور کیا جائے گا۔ آسیان، انڈیا اجلاس 3 نومبر کو منعقد ہوگا۔ مودی 4 نومبر کو 14 ویں مشرقی ایشیاء چوٹی اجلاس اور علاقائی جامع معاشی شراکت داری معاہدہ کے تیسرے چوٹی اجلاس میں بھی حصہ لیں گے ۔ انہوں نے روانگی سے قبل بتایا کہ ان کے سہ روزہ دورہ کے دوران بنکاک میں موجود مختلف عالمی قائدین سے باہمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مودی نے کہا کہ آسیان سے مربوط اجلاس ہمارے سفارتی کیلنڈر کا اٹوٹ حصہ ہیں اور ہندوستان کی مشرقی پالیسی کا اہم جز ہے۔ آسیان کے ساتھ ہندوستان کی شراکت داری آسیان ممالک سے رابطہ کے اہم ستون ہیں جس سے صلاحیتوں ، گنجائش کامرس اور ثقافتی رشتوں میں استحکام پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2018 ء میں ہندوستان آسیان کے ساتھ مذاکرات کی شراکت داری کی 25 ویں سالگرہ کا خصوصی یادگاری اجلاس دہلی میں منعقد کیا تھا جس میں تمام 10 آسیان ممالک کے قائدین یوم جمہوریہ کی پریڈ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔ مودی نے بتایا کہ وہ آسیان شراکت داروں کے ہندوستان کے ساتھ تعاون سے متعلق سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے اور آسیان کی زیر قیادت میکانزم ، سمندری ، زمین ، ہوائی ، ڈیجیٹل اور عوام سے عوام کے ساتھ رابطہ میں اضافہ کو مضبوط و مستحکم کرنے کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیں گے
جبکہ معاشی شراکت داری میں مزید اضافہ اور سمندری امور میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی غور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی ایشیاء چوٹی اجلاس علاقائی تعاون میں آج کافی اہمیت کا حامل ہے جس کے قائدین کی آسیان ، پر توجہ مرکوز ہے جس میں خطہ کے بڑے ممالک کی حیثیت سے شامل ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ مشرقی ایشیاء چوٹی اجلاس میں نمایاں طور پر علاقائی اور عالمی مسائل کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ موجودہ پروگراموں اور پراجکٹس کے موقف پر بھی غور کیا جائے گا ۔ ہند۔ بحرالکاہل حکمت عملی پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ آسیان کے شراکت دار ممالک اور دیگر ان ہی امور پر یکجا ہورہے ہیں ، علاقائی جامع معاشی شراکت داری اجلاس (آر سی ای پی ) کے مذاکرات کی پیشرفت کا بھی ہندوستان جائزہ لے گا ۔ اس میں ہندوستان کی تشویش اور مفادات سے متعلق تمام امور کی شمولیت پر غور کیا جائے گا۔ دورے کے دیگر اہم امور میں 4 نومبر کو ظہرانہ پر اہم قائدین کے اجلاس میں شرکت بھی شامل ہے جس کا اہتمام وزیراعظم تھائی لینڈ کی جانب سے کیا جائے گا۔ مودی نے بتایا کہ وہ تھائی لینڈ میں ہندوستانی برادری کے استقبالیہ میں بھی شرکت کریں گے ۔ ا ین آر آئیز نے تھائی لینڈ کی ترقی میں نمایاں حصہ ادا کیا ہے جبکہ ہندوستان کے ساتھ مستحکم تعلقات میں بھی اہم رول ادا کیا ہے۔