آصف نگر قتل کیس ‘ دو ملزمین گرفتار

   

حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز ) آصف نگر پولیس نے محمد قبولہ قتل کیس میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ دو دن قبل پیش آئی اس سنگین واردات کے بعد آصف نگر میں سنسنی پھیل گئی تھی اور قتل کے متعلق افواہوں کا بازار گرم تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس آصف نگر کشن کمار نے بتایا کہ 27 سالہ وسیم عرف بی ایم اور 28 سالہ سمیر خاں ساکنان جھرہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ وسیم اور مقتول قبولہ عرف اڈو کے درمیان رقمی تنازعہ چل رہا تھا۔ 10 ہزار روپے کی رقمی لین دین کے مطالبہ پر ان کے درمیان کئی مرتبہ بحث و تکرار ہوئی اور تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔ وسیم نے اپنے ساتھی سمیر خاں عرف جنید کے ساتھ 20 جولائی کی رات قبولہ کو نمک فیکٹری طلب کیا۔ بات چیت اور مئے نوشی کے بہانہ قبولہ کو طلب کرکے اس پر حملہ کرتے ہوئے ہلاک کیا گیا۔ پولیس آصف نگر نے انہیں گرفتار کرلیا۔ ع