آصف نگر میں اے سی پی نے بی جے پی قائد کو طمانچہ رسید کردیا

   

حیدرآباد۔ 18 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی قائدین اور کارکنوںکے تیور بدل گئے ہیں۔ کامیابی اور اقتدار کے نشہ میں بی جے پی قائدین اب پولیس کی خدمات میں بھی خلل پیدا کر رہے ہیں۔ پولیس عہدیداروں کو دھمکی دینے والے بی جے پی قائدین کو پولیس نے زبردست جواب دیا اور مبینہ طور پر طمانچہ رسید کردیا۔ یہ واقعہ رات دیر گئے آصف نگر پولیس ڈیویژن کے حدود میں پیش آیا ۔ رات دیر گئے ہوٹل کو بند کرانے میں مصروف پولیس کو بی جے پی کے سینئر قائد نے یہ کہتے ہوئے دھمکی دی کہ وہ مملکتی وزیر بنڈی سنجے کو فون کریں گے اور انہیں پتہ ہے پولیس کو کس طرح خاطر میں کیا جاتا ہے ۔ اس دھمکی کو سننے کے بعد اے سی پی نے بی جے پی قائد امر سنگھ کو مبینہ طور پر طمانچہ رسید کردیا اور یہ ثابت کردیا کہ انہیں بھی قائدین کو قابو میں کرنے کا فن آتا ہے ۔ اس واقعہ کے بعد بی جے پی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے اے سی پی کو معطل کردنے کا مطالبہ کیا ۔ اعلیٰ پولیس عہدیداروں کی مداخلت کے بعد معاملہ رفع دفع ہو گیااور حالات پر قابو پالیا گیا۔