آصف نگر میں سب سے زیادہ 149.3 ایم ایم بارش ریکارڈ

,

   

حیدرآباد۔27ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآبا دمیں جمعرات کی شب ہونے والی بارش کے دوران سب سے زیادہ بارش آصف نگر منڈل میں ریکارڈ کی گئی جہاں صبح 8بجے تک 149.3 ملی میٹر بار ش ہوئی جبکہ راجندر نگر میں 140.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شہر حیدرآباد میں 26 ستمبر کی رات دیر گئے شروع ہونے والی موسلادھار بارش انتہائی تیز رفتار رہی۔سکندرآباد ‘ مونڈہ مارکٹ کے علاقوں میں 139.5 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نامپلی کے علاقہ میں 135.3 ملی میٹر بارش ریکار ڈکی گئی ۔وجئے نگر کالونی میں 132.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ خیریت آباد میں 129ملی میٹر‘ ترملگری میں 124.8 ‘ بہادر پورہ میں 120ملی میٹر‘ مشیر آباد میں 119.8 ملی میٹر ‘ سری نگر کالونی میں 117.3ملی میٹر ‘ ملے پلی میں 115.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ضیاء گوڑہ میں 114ملی میٹر‘ کاروان میں 113.3 ملی میٹر‘ چندو لعل بارہ دری میں 112.8 ملی میٹر ‘ راجندر نگر میں 112.8ملی میٹر‘ امیر پیٹ میں 112.3 ملی میٹر ‘ ملکا جگری میں 112 ملی میٹر‘ بالا نگر 110 ملی میٹر ‘ بیگم پیٹ 110 ملی میٹر کے علاوہ اللہ بنڈہ میں 109ملی میٹر کے علاوہ ملکا جگری میں 108.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ 7 گھنٹوں کے دوران یہ شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور بارش کی رفتار مسلسل تیز ہونے کے سبب شاہراہوں پر بھی گاڑیوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اور شہر کے بیشتر علاقو ںمیں مسلسل بارش کے باعث سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی نے بھی شہریوں کو مشکلات میں مبتلاء کیا ہوا تھا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کا کہناہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی جاچکی تھی اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے بھی شہر میں موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کے علاوہ ہنگامی صورتحال کی صورت میں راحت کاری کاموں کے اقدامات کئے جاچکے تھے۔عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں رات بھر مسلسل بارش کے نتیجہ میں بیشتر علاقوں کے سیوریج نظام کے غیر کارکرد ہونے کی بھی شکایات موصول ہوئی اور کئی علاقوں میں ایک گھنٹہ کی مسلسل بارش کے فوری بعد ڈرینیج ابل پڑے اور پانی کا بہاؤ سڑکوں پر ہونے لگا اور اونچائی پر موجود علاقوں سے بہتے ہوئے نشیبی علاقوں میں پہنچنے والا پانی سڑکوں پر جمع ہونے لگا اور مکانات میں داخل ہوگیا۔