آصف نگر میں نوجوان پر قاتلانہ حملہ

   


حیدرآباد : معمولی بات پر جھگڑے کے دوران ایک نوجوان پر قاتلانہ حملہ کا واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ کے بعد آصف نگر کے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر آصف نگر پولیس اسٹیشن مسٹر آر رویندر نے بتایا کہ 21 سالہ یوسف سیف نامی نوجوان کے حملہ میں شدید زخمی ہوگیا۔ یوسف شاہین نگر علاقہ کا ساکن ہے اور سیف وجئے نگر کالونی میں رہتا ہے۔ دونوں سابق میں صابر نگر علاقہ میں رہتے تھے۔ گذشتہ چند روز قبل دونوں میں جھگڑا ہوا تھا اور اس بات کی ان میں خصومت تھی۔ کل رات ساتھیوں کے ہمراہ یہ لوگ صابر نگر میں جمع تھے اور دونوں میں معمولی بات پر جھگڑا ہوا اور اس جھگڑے میں سیف نے یوسف پر حملہ کردیا۔ یوسف کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔