آصف پاشاہ کی تعلیمی ملی خدمات ناقابل فراموش

   

Ferty9 Clinic

تعزیتی جلسہ ، سوانح حیات کی رسم اجراء، ڈاکیومنٹری کی نمائش، مختلف شخصیات کا خراج
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( راست ) ۔ جناب آصف پاشاہ اپنی تعلیمی ملی اور سماجی خدمات کے لیے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، ان کا 60سالہ کیریر بے داغ رہا اگرچہ کہ وہ 1972سے 1976تک ہی وزیر قانون رہے تاہم اگلے پچاس برس انہوں نے ملی تعلیمی خدمات کے ذریعے بے مثال خدمات انجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار مختلف اہم شخصیات نے مرحوم کے تعزیتی جلسہ میں کیا جو میڈیا پلس فاونڈیشن کے زیر اہتمام میڈیا پلس آڈیٹوریم میں یکم جنوری کی شام منعقد ہواجس میں مرحوم کے دونو ں فرزندان ظہور احمد (آسٹریلیاء) آفاق تنویر، صاحبزادی حسنی انجم کے علاوہ عزیز و اقارب شرکت کی۔ جناب ایس اے ہدیٰ آئی پی ایس، ریٹائرڈ سابق ڈی جی پی نے کہا کہ جناب آصف پاشاہ کی فراست اور بصیرت غیر معمولی تھی۔ وہ دیانت دار نیک انسان تھے اور ان میں قوم و ملت کے لیے غیر معمولی تڑپ تھی۔ جناب ظہور احمد اور آفاق تنویر نے اپنے والد کی اوصاف حمیدہ کو بیان کیا۔ ڈاکٹر محمد یوسف اعظم نے بتایا کہ وہ بچپن سے آصف پاشاہ کی خدمات سے واقف ہیں اور ان کے ساتھ ملی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا موقع ملا۔ جناب سید انیس الدین نے مرحوم کی مختلف شعبہ حیات کا ذکر کیا۔ عثمان محمد خان نے آصف پاشاہ کوکانگریس سے وفاداری کی ایک مثال قرار دیا۔سید خالد شہباز کی آصف پاشاہ کے حیات و خدمات پر بنائی گئی ڈاکیومینٹری کی نمائش کی گئی اور صحافی جناب جے ایس افتخار کی آصف پاشاہ پر انگریزی بائیوگرافی NO REGRETSکی رسم اجراء انجام دی گئی۔ سینئر عمار احمد کی قرات کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ سید خالد شہباز نے نظامت کے فرائض انجام دیے، سید عامر حنیف اور مجاہد محی الدین نے شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب میں ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان شبیر علی، نواب رونق یار خان، افتخار حسین سابق جنرل منیجر محمود سعید پرفیومس سعودی عرب، ڈاکٹر سکندر علی خان لودھی، عزیز احمد، نعیم شریف اورڈاکٹر عذرا قابل ذکر ہیں۔