آصف پاشا کے انتقال پر پرنسس اسریٰ جاہ کا اظہار رنج و غم، صاحبزادی کو پرسہ

   

یکم جنوری کو تعزیتی جلسہ، سوانح حیات کی رسم اجرا ء اور ڈاکومینٹری کی نمائش
حیدرآباد ۔ 29 ۔ دسمبر : ( راست ) ۔ جناب سید آصف پاشا سابق وزیر قانون کو آج بعد نماز ظہر قبرستان متصل مسجد قطب شاہی سنتوش نگر، مہدی پٹنم میں سینکڑوں سوگواروں کی موجود گی میں سپر د لحد کیا گیا۔ قبل ازیں نماز جنازہ مسجد قطب شاہی میں ادا کی گئی جس کی انتظامی کمیٹی میں وہ آخری سانس تک صدر نشین رہے۔ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے فرزند جناب آفاق تنویر کو پرسہ دیا۔ جب کہ شہزادی اسریٰ جاہ نے فون پر مرحوم کی صاحبزادی حسنی انجم سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں پرسہ دیا اور جناب آصف پاشا کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ نواب ابوالفیض خان، جناب ایس اے ہدی آئی پی ایس ریٹائرڈ، جناب محمد علی شبیر اڈوائزر برائے ایس سی ایس ٹی، بی سی، او ر مائناریٹیز گورنمنٹ آف تلنگانہ نے فون پر ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ جبکہ نماز جنازہ میں شریک اہم شخصیات میں جناب سید انیس الدین چیئرمین سہایتا ٹرسٹ،ڈاکٹر محمد یوسف اعظم، نعمان سابق چیئر مین اے پی اردو اکیڈمی، نواب میر نجف علی خان، طارق انصاری چیئرمین میناریٹی کمیشن،کے ایم فصیح الدین، محمد عقیل (مونا کالج) قابل ذکر ہیں۔جناب آصف پاشا کا 96برس کی عمر میں 28دسمبر کی شب اچانک انتقال ہوا تھا وہ آخری وقت تک بھی مکمل صحت مند تھے اور آخری سانس لینے سے ایک گھنٹہ پہلے تک بھی انہوں نے اپنی کئی عزیزو اقارب کے علاوہ قطب شاہی مسجد انتظامی کمیٹی کے بعض ارکان سے فون پر بات چیت بھی کی تھی۔ جناب آصف پاشا نے اپنے انتقال سے ایک دن پہلے فیضان ذکی کی تہنیتی تقریب میں شرکت کی تھی جو میڈیا پلس،آڈیٹوریم میں منعقد ہو ئی تھی۔ اسی دن ان کی انگریزی میں سوانح حیات No Regretsچھپ کر آگئی تھی اور اس کا انہوں نے بغور جائزہ بھی لیا تھا۔ وہ جنوری کے پہلے ہفتے میں اس کتاب کی ’رسم اجراء‘ کی تقریب منعقد کرنا چاہتے تھے۔ جناب جے ایس افتخار نے یہ سوانح حیات لکھی اور سید خالد شہباز نے ایڈیٹنگ کے فرائض انجام دیے۔ میڈیا پلس فا?نڈیشن نے اسے شائع کیا ہے۔ جناب آصف پاشا کا تعزیتی جلسہ جمعرات یکم جنوری کو میڈیا پلس آڈیٹوریم، جامعہ نظامیہ کامپلکس، گن فاونڈری میں شام 6بجے منعقد ہوگا۔