جگتیال میں مرکزی کمیٹی ملت اسلامیہ کی جانب سے غریبوں میں پیاکیج کی تقسیم
جگتیال۔/29 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال شہر میں آج مرکزی کمیٹی صدر ملت اسلامیہ جگتیال کی جانب سے غریب ، محتاج، مستحق خاندانوں کو اشیائے ضروریہ کے پیاکیج کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر مسلم کمیونٹی ہال میں صدور مساجد کمیٹی کی قیادت میں شہر جگتیال کے غریب خاندانوں میں محلہ واری تقسیم کیلئے 50 پیاکیج کٹس کی تقسیم عمل میں لایا گئی ۔ پہلے مرحلہ میں سلم علاقوں کے پانچ مساجد کیلئے 50کٹس دیئے گئے۔ اس موقع پر صدر ملت اسلامیہ میر کاظم علی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج مہلک وائرس کورونا سے ساری دنیا پریشان ہے اور اس کے قہر نے غریبوں کا گذر بسر مشکل بنادیا ہے۔ روز مرہ کی کمائی سے زندگی گذارنے والے غریب خاندان ملک میں لاک ڈاؤن سے کافی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ ایسے آفات سماوی کے موقع پر ہم ایک دوسرے کی بالخصوص غریب ، محتاج خاندانوں کی مدد کرنا ہی انسانیت کا اہم فریضہ ہے۔ مرکزی کمیٹی کی اپیل پر اہل ثروت افراد نے مختلف شکل میں تعاون کرنے پر ایک ہزار روپئے پر مشتمل اشیائے ضروری کے گفٹ پیاکیج کو تیار کرتے ہوئے آج تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے بالخصوص بیرون خلیجی ممالک میں برسرروزگار افراد سے اپیل کی ہے کہ زکوۃ، صدقات و عطیات کی شکل میں تعاون کریں۔ اس موقع پر صدور مساجد کمیٹی اور محمد ریاض خان ، ریاض الدین ماما، سید شکیل احمد، سراج احمد کے علاوہ کونسلرو دیگر موجود تھے۔