آفریدی کا پاکستانی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا مطالبہ

   

کراچی : چمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جا رہی ہے لیکن پاکستانی ٹیم گروپ مرحلے میں ہی ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئی۔ پاکستان ابھی تک اس ٹورنمنٹ میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکی ہے۔ اسے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا، جبکہ دوسرے میچ میں اسے ہندوستانی ٹیم کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یکے بعد دیگرے ناکامیوں کے بعد چمپئنز ٹرافی سے جلد ہی باہر ہونے سے پاکستانی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی ٹیم پر سوالات اٹھاتے ہوئے بڑی تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ شاہد آفریدی نے ٹیم کی ذہنیت اور حکمت عملی میں مکمل تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ آفریدی اپنے جارحانہ کھیل کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ پاکستان کی شکست کی سب سے بڑی وجہ ان کی قدیم حکمت عملی ہے۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا 2025 میں پاکستان 1980 اور 1990 کی دہائی کی کرکٹ کھیل رہا ہے جب کہ دیگر ٹیموں نے جارحانہ اور جدید طریقے اپنا کرکافی ترقی کی ہے۔ آفریدی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے کھیل میں بہت زیادہ ڈاٹ بالزکھیلنا بھی ان کی شکست کی ایک وجہ ہے۔