آفریدی کا ہندوستا ن پر پھرایک متنازعہ بیان

   

کراچی۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کی خطرناک وبا کے درمیان پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی اپنے ملک کے غریب لوگوں کی مدد ضرور کررہے ہیں، لیکن وہ اس دوران اکثر ہندوستان کے خلاف متنازعہ بیانات بھی دے رہے ہیں ۔آفریدی اکثر ہندوستان کے لئے بیان بازی کرتے رہتے ہیں اور ایک بار پھر انہوں نے متنازعہ بیان دے دیا ہے۔آفریدی نے کہا کہ ہندوستان میں لوگ کوڑے دان سے کھانا اٹھاکر کھا رہے ہیں۔آفریدی سے جب کپل دیو کے شعیب اختر کو دیئے جواب پر سوال کیا گیا تو انہوں نے ان کے بیان کی مذمت کی۔آفریدی نے کہا کہ شعیب اختر نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیریز کروانے کی بات مثبت طریقے سے کہی تھی، یہ بات انہوں نے انسانیت کے لئے کہی تھی۔ آفریدی نے کہا کہ میں کپل دیو کے جواب سے حیران ہوں۔کپل دیو کا بیان حیران کرنے والا ہے کیونکہ میں ویڈیو دیکھے ہیں، جس میں نظر آرہا ہے کہ ہندوستان میں لوگ کوڑے سے کھانا اٹھاکرکھا رہے ہیں۔ میںکپل دیوکی عزت کرتا ہوں لیکن انہیں ایسی بات نہیں کہنی چاہئے تھی۔ واضح رہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کا کام کاج بند ہوگیا ہے لیکن حکومت ان کی مدد کررہی ہے۔ انہیں روزانہ کھانا کھلایا جارہا ہے۔ راشن تقسیم کیا جارہا ہے۔ دہلی حکومت تو ہزاروں غریبوں کو ہر ماہ 5000 روپئے بھی دے رہی ہے۔شعیب اختر نے حال ہی میں یہ تجویز پیش کی تھی کہ کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے ہندوستان ۔ پاکستان کے درمیان ایک سیریز ہونی چاہئے۔اس سیریزسے زیادہ کمائی ہوسکے گی۔ حالانکہ شعیب اخترکی اس بات کو ہندوستان کے سابق کپتان کپل دیو نے ازسرنو مستردکر دیا تھا۔ کپل دیو نے کہا تھا کہ ہندوستان کو پیسہ جمع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمارے پاس پہلے سے ہی کافی پیسہ ہے۔