ایم سی ای ایم ای کا کانوکیشن ، لفٹننٹ جنرل پرمجیت سنگھ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : لفٹننٹ جنرل پرمجیت سنگھ ، کمانڈنٹ ایم سی ای ایم ای نے کہا کہ آج کے دور میں ٹکنالوجی میں تیزی کے ساتھ پیشرفت ہورہی ہے اور آفیسرس کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود کو جدید ٹکنالوجی سے ہم آہنگ بنائیں ۔ ایم سی ای ایم ای پر کانوکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لفٹننٹ جنرل نے اس ادارہ سے گریجویٹ بن کر نکلنے والے آفیسرس کو مبارکباد دی جنہیں اس تقریب میں ٹیک ڈگری عطا کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی سے ہم آہنگی کے لیے مستقل کوشش درکار ہوتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹکنیکل گریجویٹس ٹکنیکل ایکوپمـنٹ کے لیے ذمہ دار ہوں گے اور انہیں جدید ویپن سسٹمس سے خود کو وابستہ کرنا ہوگا ۔ لفٹننٹ جنرل پرمجیت سنگھ نے گریجویٹنگ آفیسرس کو بتایا کہ ان کے عمل پر فیلڈ انوائرنمنٹ میں نگرانی رکھی جائے گی اس لیے انہیں بہترین انداز میں اپنی کارکردگی انجام دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ان آفیسرس کو متعلقہ فیلڈ میں ذمہ داری لینے کے لیے تیار رہنا چاہئے ۔ انہوں نے گریجویٹنگ آفیسرس سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ لفٹننٹ جنرل پرمجیت سنگھ نے ملٹری کالج آف الیکٹرانکس اینڈ میکانیکل انجینئرنگ سکندرآباد پر منعقدہ اس کانوکیشن تقریب میں ٹکنیکل انٹری اسکیم کورس (TES-31) کے 18 آفیسرس کو انجینئرنگ ڈگریاں عطا کیں ۔۔
