آلودگی ضوابط کی خلاف ورزی ، 50 سے زائد افراد گرفتار

   

Ferty9 Clinic

کولکتہ۔ 21اکتوبر (یو این آئی) کولکتہ پولیس نے آلودگی کنٹرول بورڈ کے معیارات کی خلاف ورزی کرنے اور خطرناک پٹاخے جلانے کے الزام میں 50 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا ہے ۔ پولیس نے شہر اور گردونواح میں چھ ہزار کلو گرام سے زائد دھماکہ خیز مواد بھی قبضے میں لیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے آج بتایا کہ اس دوران صوتی حد اور تیز آواز والے پٹاخوں کے بھی واقعات پیش آئے ۔ کالی پوجا اور دیوالی کے دوران رات 8 بجے سے 10 بجے کے درمیان گرین پٹاخوں اور وقت کی حدوں سے متعلق کلکتہ ہائی کورٹ کی ہدایات کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے حساس چوراہوں پر پولیس کو تعینات کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود لوگوں نے ضوابط کو نظر انداز کیا اور دو گھنٹے کی مقررہ حد سے زیادہ وقت تک آتش بازی کی۔ آلودگی کنٹرول بورڈ کو شہر کے جنوبی علاقوں جیسے گریاہاٹ، گول پارک، قصبہ، بیہالا، سرسونا، سنتوش پور، بانسڈرونی اور نیو علی پور نیز پرہجوم شمالی کولکتہ کے کچھ حصوں اور شمالی 24 پرگنہ سے صوتی آلودگی سے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئیں۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے گزشتہ ہفتہ ریاستی حکومت کو کالی پوجا، دیوالی اور چھٹھ پوجا کے دوران ہوا اور صوتی آلودگی کو روکنے کیلئے جاری کی گئی ہدایات کی تعمیل کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے بعد کولکتہ پولیس نے شہر کی حدود میں پٹاخے جلانے کی ہدایات جاری کیں اور 20 اکتوبر سے 28 اکتوبر کے درمیان مقررہ وقت کے دوران صرف سبز پٹاخوں کے استعمال کی اجازت دی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئندہ کالی پوجا اور دیوالی کے دوران 20 اکتوبر کی رات 8 بجے سے رات 10 بجے تک اور چھٹھ پوجا کے دوران 28 اکتوبر کو صرف صبح 6 بجے سے صبح 8 بجے تک اجازت یافتہ گرین پٹاخے جلائے جاسکتے ہیں۔
جسٹس بسواجیت بسو اور جسٹس اجے کمار گپتا کی تعطیلاتی بنچ نے ریاستی حکومت کو ایک رپورٹ داخل کرنے کی بھی ہدایت دی جس میں یہ معلومات فراہم کرنے کے لئے کہا گیا ہے کہ 29 اگست کو ریاستی حکومت کی میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں کو اب تک کس حد تک نافذ کیا گیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ اس سال 29 اگست کو چیف سکریٹری کی صدارت میں عہدیداروں کی ایک میٹنگ میں گرین پٹاخے جلانے اور مخصوص جگہوں پر سبز پٹاخوں کی فروخت کے حوالے سے کچھ فیصلے کیے گئے تھے ۔