آلہ موسیقی پر تلاوت قرآن، مصری موسیقار کی گرفتاری کا مطالبہ

   

قاہرہ: ایک مصری موسیقار کی آلہ موسیقی ’’ عود‘‘ کی آوازوں کے ساتھ قرآن کریم کی تلاوت کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مصر میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر مصری شہریوں نے اس حرکت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور موسیقار کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ موسیقار کے مطابق اس ویڈیو کا مقصد قارئین کو مقام سکھانا ہے۔ویڈیو کلپ کے مطابق موسیقار نے گلوکاروں اور تلاوت کرنے والوں کے ساتھ قرآن پاک کی آیات کی تلاوت کی اور یہ دعویٰ کیا کہ وہ مقام میں تربیت یافتہ ہیں۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر لوگوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ بڑے پیمانے پر لوگوں نے اس کی مذمت کی۔ لوگوں نے اس اقدام کو قرآن کریم کی توہین قرار دیا اور کمپوزر سے تفتثیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا نے ویڈیو کے مالک احمد حجازی سے رابطہ کیا۔ احمد حجازی نے کہا کہ اس نے اس سے زیادہ کچھ نہیں کیا کہ میں قدرتی طور پر متعدد قراء کو مقام سکھا رہا تھا۔ بظاہر یہ قاری حضرات مقامات کے صحیح ماخذ کیلئے موسیقار احمد حجازی پر انحصار کر رہے تھے۔مصر میں تلاوت قرآن کرنے والوں کی سنڈیکیٹ نے اس سے قبل ایک مشہور قاری کو قرآن کی تلاوت کے دوران رقص کرنے کی وجہ سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ وہ سورہ الضحیٰ کی تلاوت کر رہے تھے اور تلاوت کے دوران ایک طرح سے گیت کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس وقت بھی لوگوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔