نائب صدر الحاج محمد سلیم کو ایوارڈ کی پیشکشی
حیدرآباد۔ 15 فروری (سیاست نیوز) آل انڈیا جمعیۃ القریش کی جنرل باڈی اجلاس قومی صدر جناب سراج قریشی کی صدارت میں جئے پور میں منعقد ہوا۔ نائب صدر آل انڈیا جمعیۃ القریش الحاج محمد سلیم سابق صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ، جنرل سکریٹری مجید قریشی، نائب صدر عمران بابو قریشی کے علاوہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور دیگر مذہبی تنظیموں اور اداروں کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جمعیۃ القریش کی سرگرمیوں کو ملک بھر میں توسیع دینے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ قریش برادری کو اشرار کی جانب سے ہراسانی کو
روکنے کے لئے حکومت سے موثر نمائندگی کی جائے گی۔ قریش برادری میں تعلیم کے رجحان کو فروغ دینے کے لئے مستحق طلبہ میں اسکالرشپ کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس
سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد سلیم نے کہا کہ جمعیۃ القریش کے ہر کارکن کی ذمہ داری ہے کہ وہ سماج کے غریب اور کمزور طبقات کی بھلائی کی فکر کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں جمعیۃ القریش کی جانب سے فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے جمعیۃ القریش کے ارکان کے لئے اپنی خدمات کا پیشکش کیا اور کہا کہ قومی سطح پر جمعیۃ القریش کی سرگرمیوں کو توسیع دینے کی ضرورت ہے۔ جناب سراج قریشی نے محمد سلیم کی خدمات کو سراہا اور انہیں ایوارڈ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر آل انڈیا جمعیۃ القریش کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی۔ 1