آل انڈیا ریڈیو کا قومی چینل اور پانچ شہروں کی علاقائی اکیڈیمیز بند

   

احمد آباد ‘ حیدرآباد ‘ لکھنو ‘ شیلانگ اور تھرو اننتا پورم شامل ۔ اخراجات کم کرنے پرسار بھارتی کا فیصلہ
حیدرآباد 7 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) نشریات سے متعلق ادارہ پرسار بھارتی نے آل انڈیا ریڈیو کے قومی چینل اور ملک کے پانچ شہروں میں اس کی علاقائی ٹریننگ اکیڈیمیز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اخراجات پر قابو پایا جاسکے اور خدمات کو بہتر بنایا جاسکے ۔ جن پانچ شہروں میں علاقائی ٹریننگ اکیڈیمیز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں احمد آباد ‘ حیدرآباد ‘ لکھنو ‘ شیلانگ اور تھرو اننتاپورم شامل ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل آل انڈیا ریڈیو کی جانب سے جاری کردہ احکام میں کہا گیا ہے کہ نیشنل چیانل کے تحت ٹوڈاپور اور ناگپور وغیرہ میں جو پروگرام ‘ ٹکنیکل و دیگر اسٹاف ہے انہیں اور براڈ کاسٹنگ و ملٹی میڈیا کی علاقائی اکیڈیمیز کا پانچ شہروں کا جو عملہ ہے اسے ادارہ کی ضروریات کے مطابق تعیناتی دی جائے گی ۔ کہا گیا ہے کہ آل انڈیا ریڈیو کی خدمات کو بہتر بنانے اور اخراجات میں کمی کے اقدامات کے طور پر پرسار بھارتی نے یہ فیصلہ کیا ہے اور اس کی اطلاع ڈائرکٹر جنرل آل انڈیا ریڈیو کو دیدی گئی ہے کہ آل انڈیا ریڈیو کا قومی چینل اور احمد آباد ‘ حیدرآباد ‘ لکھنو ‘ شیلانگ اور تھروا ننتا پورم کی علاقائی اکیڈیمیز فوری اثر کے ساتھ بند کی جا رہی ہیں۔ پرسار بھارتی نے 24 ڈسمبر 2018 کو اپنے فیصلے سے واقف کروایا تھا ۔