حیدرآباد۔/16 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبیونل اور تلنگانہ ہائی کورٹ میں ناکامی کے بعد آل انڈیا سرویس عہدیدار اپنی الاٹ کردہ ریاستوں میں رپورٹ کرنے کا آغاز کرچکے ہیں۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں الاٹمنٹ کے برخلاف خدمات انجام دینے والے آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کو مرکزی حکومت نے متعلقہ ریاستوں میں رپورٹ کرنے کیلئے آج تک کی مہلت دی تھی۔ سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل اور تلنگانہ ہائی کورٹ دونوں میں عہدیداروں کی درخواست مسترد کردی گئی۔ تلنگانہ میں برسرخدمت آندھرا کیڈر کے عہدیداروں نے آج شام چیف سکریٹری شانتی کماری سے ملاقات کی اور عدالت کے فیصلہ کی تعمیل سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدرنشین ٹرانسکو رونالڈ راس نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے ملاقات کی۔ اسی دوران آندھرا پردیش میں خدمات انجام دینے والے کلکٹر کڑپہ شیو شنکر نے آج تلنگانہ سکریٹریٹ میں ڈیوٹی پر رجوع ہوتے ہوئے رپورٹ کیا۔ دونوں ریاستوں میں تقریباً 11 آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کو اپنی الاٹ کردہ ریاستوں میں واپس ہونا ہے۔1