آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کل درخواست نظرثانی پیش کریگا

,

   

ایودھیا ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بابری مسجد انہدام کی 28 ویں برسی کے دن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست نظرثانی پیش کی جائے گی۔ بابری مسجد کیس کے فریق حاجی محبوب نے یہ اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ڈسمبر کو مسلم پرسنل لا بورڈ سپریم کورٹ میں فیصلے کے خلاف درخواست نظرثانی داخل کرے گا۔ درخواست نظرثانی راجیو دھون داخل کریں گے۔ ان کے ساتھ ظفریاب جیلانی بھی موجود رہیں گے۔ درخواست نظرثانی پر سبھی فریقوں حاجی محبوب، محمد عمر، مولانا محفوظ الرحمن ٹانڈا اور بادشاہ خاں کے دستخط ہوں گے۔ واض رہیکہ مسلم فریقوں کی طرف سے داخل ہونے والی درخواست نظرثانی کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ قانونی مدد فراہم کرے گا اور مقدمے کی پیروی سینئر وکیل راجیو دھون کریں گے۔ ایک دیگر درخواست نظرثانی جمعیتہ العلماء ہند کی طرف سے گذشتہ 2 ڈسمبر کو داخل کردی گئی ہے۔ مولانا سید ارشد مفتی نے ایم صدیقی کی طرف سے 217 صفحات کی عرضی داخل کی ہے۔ اس میں سپریم کورٹ میں 9 نومبر 2019ء کو دیئے گئے فیصلہ پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ادھر اس تنازعہ میں سب سے بڑے فریق سنی سنٹرل وقف بورڈ نے درخواست نظرثانی داخل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 26 نومبر کو لکھنؤ میں ہوئے اجلاس میں اکثریت سے اس فیصلہ پر مہر لگادی جاچکی ہے حالانکہ اجلاس میں پانچ ایکر اراضی پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں لیا جاسکا ہے۔ اس پر رائے بنانے کیلئے ارکان نے مزید وقت مانگا ہے۔