آمیزان کی تلنگانہ میں 20,761 کروڑ کی سرمایہ کاری

   

وزیر کے ٹی آر کا خیر مقدم ، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے آمیزان ویب سرویسیس کی جانب سے تلنگانہ میں 20 ہزار 761 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کرنے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے آمیزان ادارہ کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے اظہار تشکر کیا ہے اور کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تیار کردہ ٹی ایس آئی پاس کے علاوہ متاثر کن پالیسیوں سے تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔ آمیزان ویب سرویسیس کی سرمایہ کاری سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آمیزان ویب سرویسیس کی سرمایہ کاری کے لیے اپنے ڈاوس دورے کے دوران مباحث کا آغاز ہوا تھا ۔ اس وقت وہ آمیزان ادارہ کے نمائندوں سے اس سلسلہ میں بات چیت کی تھی ۔ کئی مرحلوں کی مذاکرات کے بعد آمیزان ویب سرویسیس نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ وزیر صنعت و آئی ٹی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد یہ ریاست میں ہونے والی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے ۔ اس سرمایہ کاری کے بعد کئی کمپنیاں اپنے ڈاٹا سنٹرس کے قیام کے لیے ریاست کا رخ کرنے کے قوی امکانات ہیں ۔ عالمی شہرت یافتہ کمپنی کی جانب سے اپنی بڑی سرمایہ کاری کے لیے تلنگانہ کا انتخاب کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی شفافیت اور تیز رفتار فیصلے و منظوریاں ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت کی مثالی فیصلوں اور پالیسیوں کی وجہ آئی ٹی اور غیر آئی ٹی شعبے بڑی تیزی سے ترقی کررہے ہیں ۔ اسی کے حصہ کے طور پر امیزان کمپنی نے تلنگانہ میں بہت بڑی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی معقول پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ کئی آئی ٹی کمپنیوں نے تلنگانہ کا رخ کیا ہے ۔ انووٹیو ، اسٹارٹپرس اور انسانی وسائل کا تلنگانہ مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ اس سرمایہ کاری سے حکومت اور امیزان ادارہ کے درمیان پہلے سے جو رشتہ ہے اس میں مزید مضبوطی آنے کی کے ٹی آر نے توقع کا اظہار کیا ۔ امیزان نے اپنا سب سے بڑا آفس پہلے ہی حیدرآباد میں قائم کیا ہے ۔۔