آنجہانی اندرا گاندھی کی ملک کیلئے قربانی رائیگاں نہیں جائے گی

   

ریاست کے غریب عوام کو امکنہ ، چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کا خراج عقیدت
حیدرآباد۔30۔اکٹوبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے آنجہانی اندرا گاندھی کی برسی پر ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اندراگاندھی نے اپنے آخری خطرۂ خون کو بھی ملک کے لئے بہایا ہے۔ مسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اندراماں راجیم کو رول ماڈل کے طور پر اختیار کرتے ہوئے غریب عوام کی حکمرانی کا آغاز کیا ہے۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے اندراگاندھی کے دور حکومت میں کئے جانے والے اقدامات بالخصوص شاہی خاندانوں کے موقف کو ختم کرنے کے علاوہ خانگی بینک کاری نظام کو عوامی بینک کاری نظام میں تبدیل کرنے کے فیصلہ اور 20 نکاتی فارمولہ کو روشناس کروائے جانے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی نے ملک میں عوامی حکمرانی کے فروغ کو یقینی بنایا تھا اور اس سلسلہ میں انہوں نے متعدد اقدامات کئے تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی کی ملک کے لئے دی گئی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور آج بھی ان کی قربانی کو یاد کیا جاتا ہے ۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد نہ صرف اندراماں راجیم کے طریقہ کار کو اختیار کیا بلکہ اندراگاندھی کے نام سے ’اندراماں اندلو‘ اسکیم موسوم کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے بے گھر غریب عوام کے لئے امکنہ اسکیم کا آغاز کیا ہے تاکہ غربت کو ختم کیا جاسکے۔3