آنجہانی اندرا گاندھی کے خلاف فلم کی تیاری کی مذمت

   

نریندر مودی پر سازش کا الزام، کانگریس قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔30۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے آنجہانی اندرا گاندھی کے خلاف فلم کی تیاری کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ایمرجنسی کو بنیاد بناکر اندرا گاندھی کی شبیہہ کو عوام میں بگاڑنے کی سازش کر رہے ہیں جس کے لئے کنگنا رناوت کے ساتھ فلم تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔ کانگریس قائدین ایم کودنڈا ریڈی اور جی نرنجن نے گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد سے نریندر مودی اندرا گاندھی خاندان کو عوام سے دور کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ کنگنا رناوت کے ذریعہ اندرا گاندھی پر فلم تیار کی جارہی ہے۔ ایمرجنسی کے نام پر اندرا گاندھی اور کانگریس کو عوام میں بدنام کرنے کی سازش ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ گجرات میں سردار پٹیل کا مجسمہ نصب کرنے کے بعد نریندر مودی خود کو سردار پٹیل سمجھنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی وجوہات سے ملک کے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ سپریم کورٹ نے بھی ایمرجنسی کی تائید کی تھی۔ کودنڈا ریڈی نے یاد دلایا کہ اٹل بہاری واجپائی نے اندرا گاندھی کو درگا ماتا سے تشبیہ دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی خاندان کے خلاف مودی حکومت کی سازش ہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔ جی نرنجن نے کہاکہ کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے نریندر مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ کنگنا رناوت کے ذریعہ فلم کی تیاری کا مقصد کانگریس کے امیج کو بگاڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کے اتحاد اور سالمیت کیلئے اپنی جان قربان کردی۔ بی جے پی اور سنگھ پریوار کا ملک کی جدوجہد آزادی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور بی جے پی قائدین کو کانگریس پر تنقید کا کوئی حق نہیں پہنچتا ۔ 1