ظہیرآباد میں برسی تقریب، ٹی پی سی سی قائد وانی نروتم اور فرزند ایم جے پال ریڈی کا خطاب
ظہیرآباد۔ 4 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ٹی پی سی سی قائد وائی نروتم اور ڈی سی سی بی کے سابق صدر ایم جئے پال ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کے ساتھ سابق وزیر آنجہانی ایم باگاریڈی کی آج برسی کے موقع پر ان کے مجسمہ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا ۔ بعد ازاں اسی ضمن میں منعقدہ پروگرام کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے آنجہانی کے فرزند ایم جے پال ریڈی نے کہا کہ ان کے والد نے عوام کی بے لوث خدمت کی۔ پارٹی کی قیادت میں اچھی ساکھ ہونے کے باعث انہوں نے انتخابات کے موقع پر کبھی بھی اپنے لئے پارٹی ٹکٹ نہیں مانگا۔ جہاں تک ان کی شخصیت کا تعلق ہے وہ ہمیشہ کانگریس پارٹی کے استحکام میں پیش پیش رہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈی سی سی بی چیر مین کے طور پر بھی خدمت انجام دی ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں پارٹی مضبوط ہے – انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ ان کے والد کی پارٹی میں اچھی ساکھ رہنے کے باوجود انہوں نے اپنے بیٹے کے لئے کبھی بھی ٹکٹ نہیں مانگا جب کہ انہوں نے کبھی بھی مفاد پرستانہ کام نہیں کیا۔ پارٹی بدلنے کے لئے حکمران جماعت نے بہت کوشش بھی کی لیکن ان کے ہاتھ ناکامی ہی لگی ۔ انہوں نے واضح طور ہر کہا کہ پارٹی میں ڈسپلن کی ضرورت ہے۔ کسی بھی ڈسپلن شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پارٹی کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ دستیاب رہیں گی۔ ٹی پی سی سی قائد وائی نروتم نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی ایم باگا ریڈی کی پارٹی کے لئے کی گئی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ سب نے ان سے فائدہ اٹھایا ہے۔ میرے والد نے بھی الیکشن میں ان کے ساتھ کام کیا تھا اور انہوں نے مجھے یاد دلایا تھا کہ ان کی زندگی میں آنجہانی کی بدولت ہی خوشحالی آئی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں کانگریس پارٹی مستحکم ہے۔ انتخابات میں انہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس موقع پر ریاستی قائدین ڈاکٹر سنجیو ریڈی ، کوہیر زیڈ پی ٹی سی رام داس ، ایم پی پی دیوداس، سابق زیڈ پی ٹی سی شیواجی پاٹل ، بھاسکر ریڈی ، سابق ایم پی پی اڈیوی ریڈی ، منڈل پارٹی کے صدر ہنمنت راؤ پاٹل ، پی اے سی ایس کے سابق صدر شنکر ریڈی ، ایم پی ٹی سی ماروتی راؤ پاٹل ، سرپنچس نواز ریڈی ، سنگرام پاٹل ، پانڈو رنگاریڈی ، پی سی ایس چیرمین بوچی ریڈی ، محمد ملتانی، سید مسعود حسین ، صدر الدین غوری ، ناگیشیٹی ، محمد محبوب کے بشمول کانگریس پارٹی کے سرپنچ ، ایم پی ٹی سی اور کارکنوں نے شرکت کی ۔