آنجہانی این ٹی آر کو یوم پیدائش کے موقع پر قائدین کا خراج

   

بھونیشوری اور بالا کرشنا کی این ٹی آر گھاٹ آمد،ایم نرسمہلو اور لکشمی پاروتی بھی پہنچے
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر اور تلگودیشم پارٹی کے بانی آنجہانی این ٹی راما راؤ کے97 ویں یوم پیدائش کے موقع پر آج دونوں ریاستوں میں انہیں زبردست خراج پیش کیا گیا۔ سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی شریک حیات بھونیشوری، این ٹی آر کے فرزند فلم اسٹار بالا کرشنا اور صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا نے دیگر قائدین کے ہمراہ آج این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ این ٹی آر گھاٹ پر پارٹی قائدین اور کارکنوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں ایل رمنا نے کیک کاٹا اور خون کے عطیہ کیمپ کا افتتاح کیا۔ سینئر قائدین میں آر چندر شیکھر ریڈی، بی پراوین اور دوسرے این ٹی آر گھاٹ پر موجود تھے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم قائدین نے این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر خراج پیش کیا۔ حال ہی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے ایم نرسمہلو بھی این ٹی آر گھاٹ پہنچے اور گلہائے عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جگن نے کرشنا ضلع کو این ٹی آر کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن وعدہ سے انحراف کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر کی جینتی اور برسی سرکاری طور پر منانے کیلئے حکومتوں کو اقدامات کرنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر این ٹی آر تلگودیشم قائم نہ کرتے تو کے سی آر کا کوئی پتہ نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے پر این ٹی آر جینتی اور برسی سرکاری طور پر منائے گی۔ اسی دوران این ٹی آر کی بیوہ لکشمی پاروتی نے این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر اپنے آنجہانی شوہر کو خراج پیش کیا۔ لکشمی پاروتی ان دنوں وائی ایس آر پارٹی میں ہیں اور آندھرا پردیش تلگو اکیڈیمی کی صدرنشین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں تلگو ریاستوں کو عوام دوست چیف منسٹر ملے ہیں۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی اپنی طرز حکمرانی کے ذریعہ این ٹی آر اور وائی ایس آر کے خوابوں کی تکمیل کررہے ہیں۔