حیدرآباد۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے متحدہ آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی جینتی کے موقع پر نئی دہلی کی سرکاری رہائش گاہ میں چیف منسٹر نے تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں ہاوزنگ، کسانوں کے قرض معافی، جلایگنم کے تحت آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر، آؤٹر رنگ روڈ، غریبوں کے پنشن میں اضافہ جیسی فلاحی اسکیمات ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی چیف منسٹر عوام کے دلوں میں ہمیشہ قائم رہیں گے۔ راہول گاندھی کو ملک کے وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کرنے کے لئے آنجہانی قائد نے مساعی کی تھی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی کے خواب کی تکمیل کرتے ہوئے کانگریس قائدین کو راہول گاندھی کو وزارت عظمیٰ پر فائز کرنے کی مساعی کرنی چاہئے۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی، سی ایچ کرن کمار ریڈی، تلنگانہ حکومت کے مشیر جتیندر ریڈی اور صدر ضلع کانگریس خیریت آباد روہن ریڈی موجود تھے۔ 1