گاندھی بھون میں تقریب، مسلمانوں کو چار فیصد تحفظات کا حوالہ
حیدرآباد۔2 ۔ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو ان کی برسی کے موقع پر زبردست خراج پیش کیا ۔ گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے وائی ایس آر کی تصویر پر پھول نچھاور کئے ۔ اس موقع پر وائی ایس آر کے قریبی دوست سابق رکن راجیہ سبھا کے وی پی رام چندر راؤ ، سابق صدرپردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، نائب صدر ملو روی ، نریندر ریڈی ، وینو گوپال ، صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ ، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس ایس کے افضل الدین اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے کہا کہ آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے غریبوں اور کمزور طبقات بھلائی کیلئے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا تھا۔ اسکالرشپ اور فیس ری ایمبرسمنٹ کے ذریعہ لاکھوں طلبہ کو فائدہ پہنچایا گیا ۔ 12 سال قبل آج ہی کے دن ہیلی کاپٹر حادثہ میں ان کی موت واقع ہوئی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی خواہش تھی کہ راہول گاندھی کو ملک کے وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کیا جائے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات کی فراہمی راج شیکھر ریڈی کا کارنامہ ہے۔ راج شیکھر ریڈی حقیقی معنوں میں سیکولر اور مسلم دوست تھے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کھمم پارٹی آفس میں آنجہانی وائی ایس آر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نظام آباد ، محبوب نگر ، عادل آباد ، رنگا ریڈی اور دیگر اضلاع میں بھی کانگریس کی جانب سے راج شیکھر ریڈی کو خراج ادا کیا گیا ۔ R