آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو کانگریس پارٹی کا خراج

   

کسانوں کو ایوارڈ کی پیشکشی کا فیصلہ، بھٹی وکرامارکا، مہیش گوڑ اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) متحدہ آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو ان کے یوم پیدائش کے موقع پر کانگریس پارٹی کی جانب سے زبردست خراج پیش کیا گیا۔ پنجہ گٹہ چوراہے پر واقع آنجہانی کے مجسمہ پر پارٹی کے سینئر قائدین نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی ورکراماکا، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، پوڈیچیری کے سابق چیف منسٹر نارائن سوامی، ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی، پونم پربھاکر، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، سابق صدر پردیش کانگریس آندھرا پردیش جی ردراراجو ، سابق رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ، نامپلی انچارج محمد فیروز خاں اور دیگر قائدین نے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ آنجہانی راج شیکھر ریڈی نے نام پر فاؤنڈیشن قائم کیا جائے گا اور کسانوں کو وائی ایس آر ایوارڈس پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے قیام کا مقصد کسانوں کو پیداوار کے سلسلہ میں رہنمائی کرنا اور حکومت کی اسکیمات سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے ملک میں زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہی کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برسی کے موقع پر ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں تحقیق اور فصلوں کی پیداوار میں بہتری کے لئے ایوارڈ پیش کئے جائیں گے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر آنجہانی قائد نے خصوصی دلچسپی لی تھی جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کے کئی پراجکٹس مکمل کئے گئے۔ گاندھی بھون میں کانگریس قائدین نے آنجہانی وائی ایس آر کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے۔ مہیش کمار گوڑ نے غریبوں میں کپڑے اور مٹھائی تقسیم کی۔ صدر پردیش کانگریس نے آنجہانی قائد کی عوامی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں تمام طبقات کی بھلائی کے لئے آنجہانی قائد نے مختلف اسکیمات شروع کی تھیں۔ اے آئی سی سی سکریٹری وشواناتھن، رکن کونسل ادنکی دیاکر، بی وینکٹ اور ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو اس موقع پر موجود تھے۔ 1