29 ڈسمبر کو نائب صدر جمہوریہ مہمان خصوصی، کے روشیا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر آنجہانی ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کی پیدائشی صدی تقاریب 29 ڈسمبر کو شلپا کلا ویدیکا حیدرآباد میں منعقد کی جارہی ہے۔ تقاریب کمیٹی کے صدرنشین سابق چیف منسٹر کے روشیا اور سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تقاریب کی تفصیلات بیان کیں ۔ انہوں نے کہا کہ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کے علاوہ تلنگانہ اور ہماچل پردیش کے گورنرس نے تقاریب میں شرکت سے اتفاق کیا ہے۔ ہر سال ممتاز شخصیتوں کو چنا ریڈی نیشنل ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے ۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ 29 ڈسمبر کی صبح 10 بجے تقاریب کا آغاز ہوگا۔ کے روشیا نے ڈاکٹر چنا ریڈی کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ چنا ریڈی کا تقابل کسی اور قائد سے نہیں کیا جاسکتا۔ چنا ریڈی ایک دانشور اور مدبر تھے ، ان کے ساتھ کام کرنے کا مجھے اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ روشیا نے کہا کہ وہ کئی حکومتوں میں کام کرچکے ہیں لیکن چنا ریڈی کے ساتھ کام کرنا منفرد تجربہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حالات میں چنا ریڈی جیسے قائدین کی سخت ضرورت ہے۔ سابق صدرپردیش کانگریس وی ہنمنت راو نے چنا ریڈی کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہر موضوع پر عبور حاصل تھا۔ چنا ریڈی اعلیٰ طبقات میں پیدا ہوئے لیکن انہوں نے کمزور طبقات کو ترقی کے مواقع فراہم کئے ۔ انتخابات کے موقع پر انہوں نے پارٹی میں اپنے مخالفین کو بھی ٹکٹ دیا ۔ ہنمنت راؤ نے چنا ریڈی کو متحدہ آندھراپردیش کا بہترین چیف منسٹر قرار دیا اور کہا کہ حیدرآباد کو سینما انڈسٹری منتقل کرنے میں چنا ریڈی کا اہم رول رہا ۔ سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے حق میں سب سے پہلے ڈاکٹر چنا ریڈی نے آواز اٹھائی تھی۔ تلنگانہ اور چنا ریڈی ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت کے قائدین کو چنا ریڈی کی زندگی سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے ۔ سابق رکن پارلیمنٹ نندی ایلیا نے کہا کہ چنا ریڈی کی طرح خوبیاں انہوں نے کسی اور چیف منسٹر میں نہیں دیکھی۔ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے کہا کہ سیاست میں قدم رکھنے کے مختصر عرصہ میں چنا ریڈی کے سبب انہیں اہم عہدے حاصل ہوئے ۔