حیدرآباد: سابق چیف منسٹر آنجہانی ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کو 24 ویں برسی کے موقع پر کانگریس پارٹی نے خراج عقیدت پیش کیا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق ارکان پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ ، وی ہنمنت راؤ ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، آنجہانی چنا ریڈی کے فرزند سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی اور دیگر قائدین نے چنا ریڈی کی سمادھی پر پھون نچھاور کئے ۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 8 جولائی 1962 ء کو متحدہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے نیلم سنجیوا ریڈی نے مانجرا ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ سنگور اور مانجرا سے سنگا ریڈی اور اطراف کے علاقوں کو پانی کی سربراہی کا انتظام کیا گیا ۔ ظہیر آباد ، میدک ، نرسا پور کے علاوہ دونوں شہروں اور حیدرآباد و سکندرآباد کو بھی پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ڈیم ہے، اس کے باوجود بعض طاقتیں تلنگانہ کی ترقی میں کانگریس کے رول سے انکار کر رہی ہے۔ لوور ٹینک بنڈ پر واقع راک گارڈن میں چنا ریڈی کی سمادھی پر تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والوں نے ڈاکٹر چنا ریڈی کو خراج پیش کیا اور علحدہ تلنگانہ تحریک میں ان کی حصہ داری کی یاد تازہ کی ۔ تلنگانہ میں تمام طبقات کی ترقی میں ڈاکٹر ایم چنا ریڈی نے اہم رول ادا کیا اور وہ ہمیشہ پارٹی قائدین اور ورکرس کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔