آنجہانی کوبی کیلئے شکیرا اور لوپیز کا مظاہرہ

   

نیویارک ۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی گلوکارہ و اداکارہ جینیفر لوپیز اور کولمبیا سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ شکیرا نیشنل باسکٹ بال لیگ چمپئن شپ سوپر بال میں باسکٹ بال لیجنڈ کوبی برائنٹ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اکٹھے ہونے جارہی ہیں۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق میامی میں پریس کانفرنس کے دوران دونوں گلوکاراؤں نے اعلان کیا کہ اتوار2 فروری کو یہ دونوں اسٹیج پر 12 منٹ کی مظاہرہ کریں گے جو کوبی برائنٹ کے نام کی جائے گی۔ خیال رہے کہ باسکٹ بال لیجنڈکوبی برائنٹ 27 جنوری 2020 کوکیلی فورنیا میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوئے ۔جس ہیلی کاپٹر میں کوبی سوار تھے، اس میں ان کے ہمراہ ان کی 13 سالہ بیٹی گیانا اور مزید 7 افراد بھی سوار تھے اور حادثے کے نتیجے میں تمام افراد ہلاک ہوگئے۔ جینیفر لوپیز نے کہا کہ ان کے لیے وہ لمحہ بیحد جذباتی ہوگا جب وہ اسٹیج پرکوبی برائنٹ کے لیے مظاہرہ کریں گی۔ اس موقع پر گلوکارہ شکیرا نے کہا کہ انہیں اس بات کی بھی بیحد خوشی ہے کہ سوپر بال جیسے ایونٹ کے دوران دوگلوکارائیں اسٹیج سنبھالیں گی اور یہ بات انہیں بااختیار ہونے کا احساس دلاتی ہے۔دونوں گلوکاراؤں نے فی الحال اپنے مظاہروں کے حوالے سے کچھ زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں ۔