آندرے رسیل کی جرسی نمبر 12 ہمیشہ کے لیے سبکدوش

   

کولکتہ،25 مارچ(یو این آئی ) انڈین پریمیئر لیگ کی معروف فرنچائزکولکتہ نائٹ رائیڈرز ( کے کے آ ر) نے اپنے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر آندرے رسل کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں ان کی مخصوص جرسی نمبر12 کو سبکدوش کرنے کا اہم اعلان کیا ہے ۔ اس فیصلے کے بعد اب مستقبل میں کے کے آرکا کوئی بھی کھلاڑی یہ نمبر زیب تن نہیں کر سکے گا۔ آندرے رسل نے 2014 سے 2025 تک (سوائے2017 کے ) نائٹ رائیڈرز خاندان کے ساتھ ایک طویل اورکامیاب سفر طے کیا۔ انہوں نے اپنے مجموعی 140آئی پی ایل میچوں میں سے 133مقابلے صرف کولکتہ نائٹ رائیڈرزکی جانب سے کھیلے ، جو ان کی ٹیم کے ساتھ گہری وابستگی کا ثبوت ہے ۔ رسل کے کے آر کی ان دونوں ٹیموں کا حصہ رہے جنہوں نے2014 اور 2024 میں آئی پی ایل کا خطاب جیتا۔ خاص طور پر 2024کا سیزن ان کے کیریئر کا یادگار ترین سال ثابت ہوا، جہاں انہوں نے 15 میچوں میں 185 کے برق رفتار اسٹرائیک ریٹ سے 222 رنز بنائے اور19 اہم وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کو دوسری بار چمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ گزشتہ سال نومبر میں آئی پی ایل سے سبکدوشی کے بعد، رسل نے اب کے کے آر میں بطور پاور کوچ اپنی نئی اننگزکا آغاز کردیا ہے ۔ اپنی نئی ذمہ داری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا ذہن اب بھی وہی ہے ، فرق صرف اتنا ہے کہ اب میں ان کھلاڑیوں کو وہ سب واپس دینا چاہتا ہوں جو میں نے برسوں میں سیکھا ہے ۔