اتم کمار ریڈی کا الزام ، الیکشن کمیشن کو عہدیداروں کی فہرست پیش
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الیکشن کمیشن کے مبصر سنیل کمار مینا کو مکتوب روانہ کرکے آندھرائی پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی اپیل کی جو ناگرجنا ساگر میں برسر اقتدار ٹی آر ایس کی مدد کر رہے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آندھرا سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیدار ناگر جنا ساگر میں اہم انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں میں پولیس عہدیداروں نے کانگریس قائدین کے خلاف کئی کارروائیاں کیں۔ پارٹی جنرل سکریٹری اور دلت لیڈر ماناوتا راؤ پر نہ صرف حملہ کیا گیا بلکہ انہیں حراست میں لیا گیا ۔ جانا ریڈی کے بھائی و پرسنل اسسٹنٹ کو پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے مہم سے روکنے کی کوشش کی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ آندھرائی پولیس عہدیداروں نے کانگریس قائدین مہیپال یادو اور منی یادو کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیا ۔ مذکورہ عہدیداروںکی موجودگی میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ممکن نہیں ہے ۔ لہذا ان عہدیداروں کو انتخابی ڈیوٹی سے فوری علحدہ کیا جائے ۔ اتم کمار ریڈی نے جن عہدیداروں کی فہرست پیش کی ہے ، ان میں انسپکٹر ویرا راگھولو ، انسپکٹر گوری نائیڈو ، انسپکٹر سریش ، انسپکٹر باشا، انسپکٹر این ڈی پرساد اور انسپکٹر آدی ریڈی شامل ہیں۔ یہ عہدیدار مچھلی پٹنم ، کرنول ، وجئے نگرم اورسریکا کلم اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے چیف الیکشن کمشنر نئی دہلی ، چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ اور ضلع کلکٹر نلگنڈہ کو یادداشت روانہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ایس پی رنگناتھ کا تعلق ضلع گنٹور سے ہے اور وہ آزادانہ انتخابات کی راہ میں اہم رکاوٹ بن چکے ہیں۔