آندھراپردیش۔چھتیس گڑھ سرحد پر انکاؤنٹر ، 6 نکسلائٹس ہلاک

   

Ferty9 Clinic

مرنے والوں میں سرکردہ لیڈر ہڈما اور اس کی بیوی بھی شامل

سکما/اللّوری، 18 نومبر (سیاست نیوز) آندھرا پردیش اور چھتیس گڑھ کی سرحد کے گھنے جنگلاتی علاقہ میں منگل کی صبح سکیورٹی فورسز اور نکسلی انتہاپسندوں کے درمیان ہوئی بڑی جھڑپ میں 6 نکسلائٹس مارے گئے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بڑے کیڈر کا دستہ انچارج بھی شامل ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ جھڑپ اللّوری سیتا راما راجو ضلع کے ماریڈمِلّی تھانہ علاقے کے پامالیرو جنگل میں آج صبح ہوئی، جہاں گزشتہ کئی دنوں سے نکسلائٹس کی سرگرمیوں اور ٹھکانوں کی خبریں مل رہی تھیں۔ اس جھڑپ میں پی ایل جی اے کمانڈر ہڈما اور اس کی بیوی کے مارے جانے کی بھی غیر مصدقہ خبر ہے جس کی تصدیق ابھی باقی ہے ۔ ہڈما تنظیم میںولاس‘ہڈس اور سنتوش کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔وہ17سال کی عمر میں پارٹی میں شامل ہواتھا۔وہ انگریزی‘ہندی‘گوند‘ تلگو اور بنگالی زبانوں پر عبور رکھتا تھا اور بڑے حملوں کی حکمت عملی کیلئے مشہور تھا۔ ہڈما کئی حملوںکیلئے ذمہ دار تھا۔کئی برسوں سے چھتیس گڑھ پولیس اور تلنگانہ گرے ہانڈس اس کی تلاش میں تھے۔ ہڈما کی خفیہ اطلاع پر آندھرا سکیورٹی فورسز نے آج صبح تقریباً چھ بجے تلاشی کارروائی شروع کی۔ فورسز کے جنگل میں آگے بڑھتے ہی نکسلیوں نے شدید فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد تقریباً دو گھنٹے تک مڈبھیڑ جاری رہی۔جوابی کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے محاذ سنبھالتے ہوئے موقع سے چھ نکسلیوں کی نعشیں برآمد کیں۔ تلاشی کے دوران ہتھیار، گولہ بارود اور بڑی مقدار میں نکسلی مواد بھی ملا ہے ۔بستر رینج کے پولیس آئی جی، سندر راج پٹّالِنگم نے آج میڈیا کو بتا یا کہ سرحدی علاقے سے یہ ایک نہایت اہم اطلاع سامنے آئی ہے ۔ اگرچہ باضابطہ تصدیق کا انتظار ہے ، لیکن ابتدائی اشارے بتاتے ہیں کہ یہ ملک میں بائیں بازو کی انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے تاریخی کامیابی ثابت ہو سکتی ہے ۔علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ گاؤں والوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں۔ (ش)