حیدرآباد: تلگو دیشم پارٹی نے آندھر اپردیش قانون ساز اسمبلی کے ایک روزہ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔ تلگو دیشم آندھراپردیش کے صدر کے اچن نائیڈو نے کہا کہ حکومت نے 20 مئی کو بجٹ کی منظوری کیلئے ایک روزہ اجلاس طلب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں مارچ کے دوران بجٹ منظور کیا جاتا ہے ، مرکز اور کئی ریاستوں میں مارچ میں بجٹ کو منظوری دی۔ انہوں نے آرڈیننس کے ذریعہ بجٹ کی منظوری کی مخالفت کی ہے ۔ گزشتہ دو برسوں سے جگن موہن ریڈی حکومت عوامی مسائل پر مباحث کے لئے اسمبلی اجلاس طلب نہیں کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جگن موہن ریڈی حکومت کورونا کی صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ ریاست میں کورونا کے کیسیس میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن کی عدم سربراہی کے نتیجہ میں 106 مریضوں کی موت واقع ہوئی ۔