آندھراپردیش اسمبلی سیشن کا آج آغاز

   

بچیا چودھری کو گورنر نے عبوری اسپیکر کا حلف دلایا
حیدرآباد 20 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کل 21 جون سے شروع ہوگا۔ 2 روزہ اجلاس میں نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے علاوہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئیگا۔ حکومت نے سینئر رکن جی بچیا چودھری کو پروٹم اسپیکر مقرر کیا ہے جو نومنتخب ارکان کو حلف دلائیں گے۔ گورنر آندھراپردیش جسٹس عبدالنذیر نے بچیا چودھری کو آج رکنیت اور پروٹم اسپیکر کا حلف دلایا ۔ تقریب میں وزراء اے رام نارائن ریڈی، اے ستیہ پرساد ، پی کیشو، ایس سنیتا، این راما نائیڈو، جی روی و ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی و اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ بچیا چودھری راجہ مہندرا پورم رورل حلقہ سے منتخب ہوئے ہیں۔ وہ اب تک 7 مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے۔ اِسی دوران 175 نومنتخب ارکان کے رشتہ داروں کی جانب سے اسمبلی پاس کیلئے دباؤ بنایا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 600 سے زائد افراد حلف برداری کا مشاہدہ کرنا چاہتے ہیں تو جو نومنتخب ارکان کے رشتہ دار اور احباب ہیں۔ تاہم اسمبلی کی وزیٹرس گیلری میں محض 100 افراد کی گنجائش ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لیجسلیچر سکریٹریٹ حکام نے محدود وقت کیلئے پاسیس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ تمام افراد کو کارروائی کے مشاہدہ کا موقع ملے۔ تلگودیشم نے اسپیکر کے عہدہ کیلئے سی ایچ ایناپاتروڈو کے نام کا انتخاب کیا ہے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ جنا سینا کو الاٹ کیا گیا۔ پون کلیان ڈپٹی اسپیکر کیلئے امیدوار کا اعلان کریں گے۔ 1