آندھراپردیش اور تلنگانہ کے مابین مسائل کی مشاورت سے یکسوئی کا عزم

   

تروپتی میں بھگتوں کی سہولت کے لیے اقدامات کا اعلان، درشن کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی کا بیان

حیدرآباد۔22۔ مئی ۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ تروپتی میں تلنگانہ درشن کے لئے پہنچنے والوں کی سہولت کی خاطر کلیان پنڈپم اور قیام کے انتظامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج تروملا تروپتی پہنچ کر خصوصی درشن کئے اور اپنین نواسہ کے بال منڈھوانے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ چیف منسٹر آندھراپردیش سے بات چیت کرتے ہوئے تلنگانہ سے آندھراپردیش پہنچ کر تروملا تروپتی درشن کرنے والوں کی سہولت کے لئے اقدامات کی منصوبہ بندی کرے گی اور تلنگانہ کے زائرین کے قیام اور تقاریب کے انعقاد کے لئے کلیان پنڈپم کی تعمیر کے اقدامات کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ سے لاکھوں کی تعداد میں بھکت تروپتی پہنچتے ہیں لیکن انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اب تک کوئی اقدامات نہیں کئے گئے لیکن اب حکومت تلنگانہ کی جانب سے تروپتی میں تلنگاہن کے شرادھالووں کے قیام کے لئے سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ چیف مسٹر آندھراپردیش سے مشاورت کے بعد قابل عمل بنایاجائے گا۔ چیف مسٹر تلنگانہ نے بتایا کہ دونوں ریاستوں کے مابین حل طلب مسائل کو آپسی مشاورت کے ذریعہ حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور دونوں ریاستوں کی ترقی کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے راہیں ہموار کی جائیں گی۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے اپنے افراد خاندان کے ہمراہ تروملا تروپتی میں درشن کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندو ں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ پڑوسی ریاست کے ساتھ اپنے بہتر تعلقات رکھتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کے حق میں ہے اور حکومت تلنگانہ ان تمام مسائل کو جو حل طلب ہیں حکومت آندھراپردیش سے بات چیت کے ذریعہ حل کرے گی۔ مسٹر ریونت ریڈی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی جانب سے کئے گئے سیاسی سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تروپتی کوئی سیاسی گفتگو کا مقام نہیں ہے وہ نہیں چاہتے کہ یہاں کوئی سیاسی بات چیت کی جائے۔چیف منسٹر کے تروپتی درشن اور 2جون کو حیدرآباد کے مشترکہ صدر مقام کی مدت ختم ہونے سے قبل پڑوسی ریاست آندھراپردیش سے حکومت تلنگانہ کے بہتر تعلقات کے متعلق دیئے گئے اس بیان کو کافی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ تشکیل تلنگانہ و تقسیم آندھراپردیش کے 10 سال مکمل ہونے جا رہے ہیں ۔3