آندھراپردیش اور تلنگانہ کے پی سی سی صدور کیلئے عنقریب مبصرین کا تقرر

   

حیدرآباد۔29 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان تلنگانہ اور آندھراپردیش میں نئے صدور پی سی سی کے انتخاب کے لئے مبصرین کی ٹیم روانہ کرسکتا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آندھراپردیش کے مبصر کی حیثیت سے سابق چیف منسٹر اومن چانڈی کو مقرر کیا ہے جو 7 نومبر کو آندھراپردیش کا دورہ کرتے ہوئے مقامی قائدین سے مشاورت کریں گے ۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد این رگھو ویرا ریڈی نے پردیش کانگریس کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد سے کسی کا تقرر نہیں کیا گیا۔ آندھراپردیش میں پارٹی کی حالت انتہائی کمزور ہے ، لہذا قائدین صدارت کا عہدہ قبول کرنے تیار نہیں۔ برخلاف اس کے تلنگانہ میں اس عہدہ کے کئی دعویدار ہیں۔ پارٹی کے قومی قائدین کی آج حیدرآباد آمد کے موقع پر کافی سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سونیا گاندھی تلنگانہ کیلئے بھی بہت جلد مبصر کا انتخاب کریں گی۔ اسی دوران 2 نومبر کو نئی دہلی میں ملک کے تمام پی سی سی صدور کا اجلاس طلب کیا گیا ۔ رکنیت سازی کے سلسلہ میں یہ اجلاس اہمیت کا حامل رہے گا ۔