وشاکھا اسٹیل پلانٹ کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی مخالفت کرنے پر کے ٹی آر سے اظہارتشکر
حیدرآباد : وزیر بلدی نظم و نسق تلنگانہ کے ٹی آر سے آندھراپردیش کے سینئر تلگودیشم قائد سابق وزیر گنٹا سرینواس یادو نے تلنگانہ اسمبلی پہنچ کر ٹی ٹائم پر ملاقات کی۔ واضح رہیکہ گریجویٹ حلقہ کونسل کی انتخابی مہم کے دوران کے ٹی آر نے وشاکھا اسٹیل پلانٹ کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی سخت مذمت کی تھی اور ضرورت پڑنے پر تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا جس کا جی سرینواس نے خیرمقدم اور کے ٹی آر سے اظہارتشکر کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تلگودیشم کے قائد جی سرینواس راؤ نے کہا کہ اس مسئلہ پر کے ٹی آر سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ کے ٹی آر نے اسمبلی اجلاس کے بعد وزراء کے ایک وفد کے ساتھ وشاکھاپٹنم کو پہنچنے کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں دونوں تلگو ریاستوں کے تازہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے وشاکھا اسٹیل پلانٹ کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کا اعلان کرتے ہی تلگودیشم کے قائد جی سرینواس راؤ بطور احتجاج اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوگئے اور اسٹیٹ پلانٹ کو بچانے کیلئے تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اپنی احتجاجی تحریک میں شدت پیدا کرنے کیلئے انہوں نے حیدرآباد پہنچ کر ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر سے ملاقات کی ہے۔