آندھراپردیش سکریٹریٹ کے دو ملازمین کی کورونا سے موت

   

حیدرآباد: آندھراپردیش سکریٹریٹ میں کورونا سے متاثر ملازمین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ جی اے ڈی ڈپارٹمنٹ کے سیکشن آفیسر کی کورونا سے موت کے بعد مہلوکین کی تعداد اندرون ایک ہفتہ دو ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹریٹ کے 60 سے زائد ملازمین ابھی پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ محکمہ فینانس کے ایک اسسٹنٹ سکریٹری کورونا متاثر ہوئے تھے اور علاج کے دوران ہفتہ کو فوت ہوگئے۔ پازیٹیو آنے کے محض دو دن میں اسسٹنٹ سکریٹری کی موت سے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ حکومت کی جانب سے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ قواعد کی سختی سے پابندی کریں۔ عہدیدار و ملازمین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ جلد ویکسین حاصل کرلیں تاکہ وباء سے مقابلہ کیا جاسکے۔ آندھرا میں گزشتہ ہفتہ میں پازیٹیو کیسیس کی تعداد 9000 تک پہنچ چکی ہے ۔ اسی دوران کورونا کی دوسری لہر کا اثر تروپتی مندر میں دیکھا گیا جہاں یاتریوں کی تعداد کم ہوچکی ہے۔ مندر حکام نے 12 اپریل سے درشن کو بند کردیا ہے۔ حکومت نے تروملا دیوستھانم کو کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔