آندھراپردیش سے تلگودیشم پارٹی کا مکمل صفایا

   

Ferty9 Clinic

وشاکھاپٹنم کی ترقی کے اقدامات ، وزیر اے سرینواس کا بیان
حیدرآباد /27 جون ( سیاست نیوز ) وزیر آندھراپردیش مسٹر اونتی سرینواس نے اپوزیشن تلگودیشم پارٹی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ آندھراپردیش سے تلگودیشم کا مکمل صفایا ہوچکا ہے اور اب صرف برائے نام ہوکر رہ گئی ہے اور محض تلگودیشم قائدین اقتدار کی آڑ میں متعدد بے قاعدگیوں و غیر مجاز اقدامات کرنے کی وجہ سے ہی ریاستی عوام نے تلگودیشم کو شکست فاش دیکر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو کامیاب کرکے اقتدار سوپنا ہے ۔ وہ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سابق حکومت میں وشاکھاپٹنم کے حلقہ جات اسمبلی میں ترقیاتی کاموں کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ لیکن اب جگن موہن ریڈی کی قیادت میں عہدیدار و وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین آپسی بہتر تال میل کے ذریعہ وشاکھاپٹنم کی ترقی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے اور کہا کہ تمام اہل غریب افراد کو مکانات کی فراہمی ، پنشن ، راشن کارڈز فراہم کئے جائیں گے ۔ مزید کہا کہ سابق حکومت میں پیش آئے غیر مجاز تعمیرات کو مکمل منہدم کرنے کے ریاستی حکومت اقدامات کرے گی اور ان غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کرنے کیلئے حکومت کو کافی ہمت سے کام کرنے کی ضرورت ہوگی ۔ لہذا وہ ہمت چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی میں رہنے کی وجہ سے ہی تمام غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔

جگن موہن ریڈی 12 مقدمات میں اہم ملزم ، چالیس ہزار کروڑ کی ضبطی
چیف منسٹر اے پی کی حیثیت سے اپنے آپ کو نان کرپٹ ثابت کرنے کوشاں ، جی بچیا چودھری
حیدرآباد /27 جون ( سیاست نیوز ) سینئیر قائد تلگودیشم پارٹی و رکن اسمبلی مسٹر جی بچیا چودھری نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو ہدف ملامت بنایا اور مبینہ بے قاعدگیوں اور کرپشن کیسیس میں ملوث پائے جانے والے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اپنے آپ کو نان کرپٹ اور ان کی حکومت کی جانب سے شفافیت کو جاری رکھنے کا اظہار کرنا انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔ مسٹر بچیا چودھری نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جگن موہن ریڈی از خود 12 مختلف کیسوں میں اہم ملزم ہیں اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ان کے 40 ہزار کروڑ روپئے ضبط کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں مسٹر جگن موہن کے کابینی وزراء بشمول بوتسہ ستیہ نارائنا اوینتی سرینواس پر کئی کرپشن کے الزامات ہیں ۔ لہذا کرپشن کے تعلق سے بات کرنے کا پارٹی کو اخلاقی حق نہیں ہے اور بالخصوص تلگودیشم پارٹی پر الزام عائد کرنے کی بھی وائی ایس آر کانگریس پارٹی اہل نہیں ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا اور دریافت کیا کہ آیا غیر مجاز تعمیر کردہ پرجا ویدیکا عمارت میں ڈسٹرکٹ کلکٹرس کانفرنس کیوں منعقد کی ۔ انہوں نے کہا کہ محض تلگودیشم پارٹی کے ساتھ سیاسی انتقام لینے کیلئے یہ تمام اقدامات کر رہے ہیں ۔ ریاست میں ولیج والینٹرس کے تقررات کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر بچیا چودھری نے وائی ایس جگن موہن ریڈی پر الزام عائد کیا کہ محض وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین و کارکنوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے ہی ولیج والینٹرس کے تقررات عمل میں لائے جارہے ہیں ۔